مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور( آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے
گزشتہ روز صدر جمہوریہ کے خطبے کے بعد تحریک شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی
تقریر میں کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی گذشتہ تقریباً ڈھائی برسوں کے دوران
ملک کو وراثت میں ملنے والے مسائل کو حل کرنے میں بھرپور جدوجہد کررہے ہیں
اور کسی سیاست کے بغیر ملک میں ترقی اور اعتماد کا ماحول قائم کرنے کی
کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورا ملک اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ وزیر اعظم نریندر
مودی کو جب اس ملک کی باگ ڈور ملی تو ان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج کرپشن
اور بدعنوانی کے ماحول
کو ختم کرنا تھا جس کا ایک طویل سلسلہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ مودی کے اقتدارسنبھالنے سے قبل ملک میں چاروں طرف
گھوٹالوں، بدعنوانی اور افراتفری کا ماحول نظر آتا تھا جو ایک بڑا چیلنج
تھا لیکن وزیراعظم نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب پہلے دہلی کے اقتدار کے
گلیارے سے اقتدار کے دلالوں کی ناکہ بندی کی اور لوٹ کی لابی پرتالا بندی
کی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ گزشتہ تقریباً ڈھائی تین برسوں کے بعد آج جب ہم
صدر جمہوریہ کے خطبے پر تحریک شکریہ پیش کررہے ہیں تو ہم بڑے فخر کے ساتھ
اس ملک کو بتا رہے ہیں کہ ہم نے بدعنوانی سے پاک اور ترقیات پر مبنی حکومت
دی ہے۔